نئی دہلی،28؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بھیڑ اور کوویڈ 19کے ممکنہ پھیلاؤسے بچنے کے لیے مرکزی حکومت نے ایک بار پھر گاڑی سے متعلق تمام دستاویزات کے جواز میں توسیع کردی ہے۔ مرکزی وزارت سڑک وٹرانسپورٹ وشاہراہ کی طرف سے جاری کردہ ڈائریکٹری کے مطابق مختلف ریاستوں اور مرکزی علاقوں کی انتظامیہ ، ڈرائیونگ لائسنس ، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور اجازت نامہ کی میعاد اب 31 مارچ 2021 تک کی گئی ہے۔
ڈائریکٹری کے مطابق کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا تمام دستاویزات کی توثیق کو 31 مارچ 2021 تک درست سمجھاجاسکتا ہے۔ اس میں وہ تمام دستاویزات شامل ہیں جس کی میعاد یکم فروری 2020 سے ختم ہوگئی ہے یا 31 مارچ 2021 تک ختم ہوجائے گی۔
اس سے قبل وزارت نے اس سال 30 مارچ ، 9 جون اور 24 اگست کو مشاورتی اعلامیہ جاری کیاتھا جس میں موٹر وہیکل ایکٹ 1988 اور سنٹرل موٹر وہیکل رولز 1989 سے متعلق دستاویزات کے جواز میں توسیع کردی گئی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2020 تک تمام فٹنس ، اجازت نامے ، لائسنس ، رجسٹریشن یا دیگر متعلقہ دستاویزات کو درست سمجھا جاسکتا ہے۔